Tuesday, 20 April 2021

‎آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم نے بہت اچھا کام کیا

سیدنا ابو موسی اشعری رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں ۔ کہ ایک دن ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز مغرب ادا کی پھر ہم نے سوچا کہ یہیں بیٹھے رہیں تاکہ نماز عشاء بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہی پڑھ لیں تو بہتر ہوگا۔ چنانچہ ہم وہیں بیٹھے رہے اسی دوران رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس تشریف لائے آپ صلی اللہ علیہ وسلم  نے پوچھا تم اس وقت سے یہی بیٹھے ہو ؟ ہم نے عرض کیا۔۔۔۔۔ 
 اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہم نے آپ کے ساتھ نماز مغرب پڑھی پھر سوچا کہ یہیں بیٹھے رہیں ۔تاکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز عشاء بھی پڑھ لیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم نے بہت اچھا کام کیا پھر اپنا سر مبارک آسمان کی طرف اٹھایا اور اکثر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا سر مبارک آسمان کی طرف اٹھایا کرتے تھے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ستارے آسمان کے لیے باعث امن  ہیں ۔جب ستارے  چلے جائیں گے تو آسمان پر وہ وقت آ جائے گا جس کا وعدہ ہے۔ یعنی فنا اور میں اپنے صحابہ رضی اللہ تعالی عنہ کے لئے باعث امن ہوں جب میں رخصت ہوگیا تو میرے صحابہ رضی اللہ تعالی عنہ پر وہ چیز آئے گی جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے۔ یعنی {فتن و مصائب} اور میرے صحابہ رضی اللہ تعالی عنہا میری امت کے لئے باعث امن ہیں جب میرے صحابہ رضی اللہ تعالی عنہا رخصت ہو جائیں گے تو میری امت پر وہ چیز آجائے گی جس {فتن و مصائب} کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے  {صحیح مسلم۶۴۶۶}                                             

No comments:

Post a Comment